ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانپور اور جھانسی سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کے ساتھ 6 گرفتار

کانپور اور جھانسی سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کے ساتھ 6 گرفتار

Thu, 25 Aug 2016 20:49:56    S.O. News Service

کانپور، 25؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اترپردیش اے ٹی ایس اور کانپور کرائم برانچ نے مشترکہ مہم کے تحت آج شہر کے دیہی علاقے گھاٹم پور سے ہتھیاروں کا ایک بڑاذخیرہ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے ۔اس میں 30ہزار ڈیٹونیٹر، 20ہزار جلیٹن راڈ اور 600کلو گرام امونیم نائٹریٹ شامل ہے۔اس معاملہ میں کانپور کے گھاٹم پور سے 5 لوگوں اور جھانسی ضلع کے کیڑے موٹھ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔اس معاملے میں اے ٹی ایس اور کرائم برانچ کی کارروائی ابھی چل رہی ہے اور ابھی مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں ، ساتھ ہی اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کا امکان ہے۔پکڑے گئے پانچ افراد کا تعلق بہار سے ہے ۔اے ٹی ایس کی ایک ٹیم بہار بھی بھیجی جا رہی ہے۔بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کس لیے جمع کیا گیا تھا اس کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اترپردیش اے ٹی ایس کے آئی جی اسیم ارون نے میڈیا کو بتایا کہ اس سال عید کے موقع پر کانپور میں کچھ آتش گیر مادہ برآمد کئے گئے تھے جس کے بعد اے ٹی ایس اور کانپور کرائم برانچ مل کر دھماکہ خیز مواد کو بیچنے والے گروہ کا پردہ فاش کرنے میں لگ گیا تھا ۔آج علی الصبا ح گھاٹم پور سے گرفتار کئے گئے 5لوگوں سے جب پوچھ گچھ کی گئی ، تو انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ یہ دھماکہ خیز مواد جھانسی کے موٹھ کے چرن سنگھ کے پاس سے لاتے تھے اور اسے پورے ملک میں سپلائی کرتے تھے۔اس پر ایک ٹیم فوری طور پر جھانسی کے موٹھ روانہ کردی گئی اور وہاں سے چرن سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔اس سے بھی کچھ دھماکہ خیز مواد برآمد ہوئے ہیں ۔کانپور کے ایس ایس پی شلبھ ماتھر نے بتایا کہ عید کے موقع پر کانپور میں کچھ دھماکہ خیز مواد ملنے کے بعد ہی پولیس حرکت میں آگئی تھی اور گروہ کے لوگوں کی تلاش میں تھی۔انہوں نے کہا کہ گھاٹم پور سے گرفتار کئے گئے پانچ افراد بہار کے روہتاس کے رہنے والے ہیں اور ان کے خلاف گھاٹم پور میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ایک دوسری ایف آئی آر جھانسی کے موٹھ میں بھی لکھی گئی ہے۔گھاٹم پور اور جھانسی سے گرفتار کئے گئے لوگوں کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گھاٹم پور سے گرفتار کئے گئے لوگوں نے بتایا کہ وہ جھانسی سے یہ دھماکہ خیز مواد لاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اب بھی چھاپہ ماری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی اس معاملے میں تفصیلی معلومات کا انتظار ہے اور اس سلسلے میں اے ٹی ایس دیر شام پریس کانفرنس کر سکتی ہے۔


Share: